• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افسر میرٹھی

کسی گاؤں میں ایک بوڑھا اور بڑھیا رہا کرتے تھے۔ ان کے پاس پوچی نام کا ایک کتا تھا۔ اس کو دونوں بہت پیار کرتے تھے۔ ایک دن جب بوڑھا اپنے کھیت میں کام کر رہا تھا، پوچی اسے کھینچ کر ایک طرف لے گیا اور بھونک بھونک کر پنجوں سے زمین کریدنے لگا۔ بوڑھا جتنا بھی اسے ہٹانے کی کوشش کرتا پوچی اتنے ہی زور سے بھوں بھوں کرتے ہوئے پھر زمین کریدنے لگتا۔ آخر بوڑھے نے پھاؤڑا اٹھا کر اس جگہ کو کھودنا شروع کیا۔زمین کھودنے پر وہاں سے ہیرے اور موتیوں سے بھرا ہوا گھڑا نکلا جسے پاکر بوڑھا بہت خوش ہوا اور سارا خزانہ لے کر اپنے گھر آگیا۔ 

بوڑھے کا ایک پڑوسی تھا،بےحد لالچی۔ اس نے بوڑھے کو خزانہ لاتے ہوئے دیکھا تو پوچھ لیا۔ بوڑھا تھا سیدھا سادھاتھا۔ اس نے پڑوسی کو خزانہ ملنے کا ساراماجرا کہہ سنایا۔حسدکی وجہ سے پڑوسی کی نیند اڑ گئی۔اگلے دن اس نے میٹھی میٹھی باتیں کر کے بوڑھے سے ایک دن کے لئے پوچی کو مانگ لیا۔ اسے لے کر وہ سیدھا اپنے کھیت میں گیا اور بار بار کتے کو تنگ کرنے لگا کہ وہ اسے بھی خزانہ دکھائے۔ آخر پوچی نے ایک جگہ پنجوں سے زمین کریدنی شروع ہی کی تھی کہ پڑوسی نے جھٹ پھاؤڑے سے وہ جگہ کھود ڈالی۔ کھودنے پر ہیرے موتیوں کے بجائے اسے ملا کوڑا اور گندا کچرا۔ 

پڑوسی نے جھلاہٹ میں آؤ دیکھا نہ تاؤ ، پوچی کو مار کر پھینک دیا۔ جب پوچی کے مالک بوڑھے کو معلوم ہوا تو وہ بہت دکھی ہوا۔ اس نے پوچی کی لاش کو دفناکر وہاں پر ایک پودا لگا دیا۔ حیرانی کی بات کہ دو دن میں ہی وہ بڑھ کر پورا پیڑ بن گیا۔ بوڑھے نے اس پیڑ کی لکڑی سے اوکھلی بنائی ۔نئے سال کے پکوان بنانے کے لیے اس میں دھان کوٹنے لگا تو اوکھلی میں پڑا دھان سونے اور چاندی کے سکوں میں بدلنے لگا۔ پڑوسی کو بھی معلوم ہوا تو وہ اوکھلی ادھار مانگ کر لے گیا۔ 

جب اس نے اوکھلی میں دھان کوٹے تو دھان گندگی اور کوڑے میں بدل گیا۔ پڑوسی نے غصے میں اوکھلی کو آگ میں جلا ڈالا۔ بوڑھے نے دکھے ہوئے دل سے جلی ہوئی اوکھلی کی راکھ اکٹھا کی اور اسے اپنے آنگن میں چھڑک دیا۔ وہ راکھ جہاں جہاں پڑی وہاں سوکھی گھاس ہری ہوگئی اور سوکھے ہوئے پیڑوں کی ڈالیاں پھولوں سے لد گئیں۔

اسی وقت وہاں سے بادشاہ کی سواری گزر رہی تھی۔ بادشاہ نے پھولوں سے لدے پیڑوں کو دیکھا۔ اس کا دل خوش ہوگیا اور اس نے بوڑھے کو اشرفیوں کی تھیلی انعام میں دی۔ حاسد پڑوسی نے یہ دیکھا تو بچی ہوئی راکھ اٹھالی اور بادشاہ کے راستے میں جاکر ایک سوکھے پیڑ پر راکھ ڈالی۔ پیڑ ویسا ہی ٹھنٹ بنا رہا پر راکھ اڑ کر بادشاہ کی آنکھوں میں جاپڑی۔ بادشاہ کے سپاہیوں نے اسے پکڑ لیا اوراسے خوب پیٹا۔ اس کے بعد بوڑھا پورے علاقے میںپھول والے دادا جی کے نام سے مشہور ہوگیا۔