• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرخ حبیب نے بلاول بھٹو کی گفتگو کو ’ٹامک ٹوئیاں مارنا‘ کہہ دیا


وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین پر تنقید کے تیر چلادیے اور کہا کہ بلاول بھٹو ابھی ٹامک ٹوئیاں مار رہے تھے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے بلاول بھٹو کی گفتگو پر ردعمل کا اظہا رکیا۔

وزیر مملکت نے پی پی چیئرمین سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے والد آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئے تھے؟ کیا آپ کے دور میں لوگ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کو رو نہیں رہے تھے؟

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 11 ماہ سے 2 ارب ڈالر ماہانہ آرہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اتنے ڈالرز نہیں آئے، پچھلے 11 ماہ میں 4170 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا۔

وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت کو اگر قرضے ادا نہ کرنے ہوں تو پرائمری بلینس سرپلس ہے، ہمارا ہر سیکٹر گروتھ کررہا ہے، تمام انڈیکیٹر دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

فرخ حبیب نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سوئس بینکوں میں پڑا پیسہ واپس لے آئیں، سوال ہے کہ آپ نے سندھ میں غربت کے خاتمہ کے لئے کیا اقدامات کئے؟

اُن کا کہنا تھاکہ 14 ارب روپے کی گندم چوری ہوگئی، آپ نے چوہوں پر ڈال دی، آپ نے کبھی احتساب کی بات نہیں کی، آپ مک مکا کر کے این آر او لینے والوں میں شامل ہیں۔

وفاقی وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج کا حساب دینا ہوگا، بھل صفائی میں سندھ حکومت نے اربوں کا غبن کیا، اس کا حساب دیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ہی کہتے ہیں کم بارش آتی ہے تو کم پانی آتا ہے، آپ بتائیں سندھ کا ایری گیشن کا محکمہ کیا کررہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ آپ جو ٹیکس جمع کرتے ہیں اس کو کراچی کی ترقی پر خرچ کیوں نہیں کرتے، سندھ کو آپ نے مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے، ہر جگہ مافیا کو پروان چڑھایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت 34 پروگرام چل رہے ہیں، عمران خان اکانومی ٹھیک کررہے ہیں، بلاول زرداری صاحب میں آپ کی تکلیف سمجھتا ہوں۔

وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہاکہ پی آئی اے میں آپ نے سیاسی بھرتیاں کیں، آپ جب کرپشن کی بات کرتے ہیں تو ہمیں قیامت کی نشانیاں لگتی ہیں۔

تازہ ترین