کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں عمران خان اور نظام سے ہے، بلاول بھٹو ہم پر جو وار کررہے ہیں اس کے پیچھے بھی کوئی اسکیم ہے
حکومت ہٹانے کے قریب پہنچ گئے تھے پیپلز پارٹی نے 6ماہ کی محنت پر پانی پھیر دیا، امپائر سے مدد مانگنا ہماری طرزِ سیاست نہیں ہے،ہمارے امپائر پاکستان کے عوام ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ماہر معاشیات ثاقب شیروانی اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بھی شریک تھیں۔
ثاقب شیروانی نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے گروتھ کی گنجائش نکالنا چیلنج ہے، شوکت ترین ڈویلپمنٹ فنڈنگ پر غلط فوکس کررہے ہیں، حکومت ڈویلپمنٹ فنڈنگ کیلئے رکھا گیا پیسہ سبسڈیز میں دے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ روزانہ تین لاکھ کورونا ویکسین لگانے کا ہدف ہے، جائزہ لے رہے ہیں ویکسین نہ لگوانے والوں پر کیا پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔
ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نےکہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر کوئی جوابی وار نہیں کروں گا، ہمارا مقصد پیپلز پارٹی کے ساتھ جنگ لڑنا نہیں ہے، ہمارا ہدف عمران خان اور یہ نظام ہے جس نے آئین کی حکمرانی قائم نہیں ہونے دی، حکومت ہٹانے کیلئے گول کرنے ڈی میں پہنچ گئے تھے لیکن پیپلز پارٹی نے اسی وقت پی ڈی ایم سے ٹائم آؤٹ لے کر 6ماہ کی محنت پر پانی پھیر دیا،
بلاول بھٹو ہم پر جو وار کررہے ہیں اس کے پیچھے بھی کوئی اسکیم ہے، اس اسکیم کا مقصد اپوزیشن کو آپس میں الجھانا اور حکومت کو فری ٹائم دینا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں بھی کہہ سکتا ہوں کہ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کو کیا مراعات مل رہی ہیں، نواز شریف ملک سے باہر گئے تو یہی پیپلز پارٹی ان کے ساتھ پی ٹی آئی کے بے رحمانہ سلوک کی مذمت کرتی تھی، پچھلے تین برسوں میں ن لیگ کڑے احتساب سے گزری ہے، ن لیگ کی صف اول کی قیادت جھوٹے احتساب کی بھٹی سے سرخرو ہو کر نکلی ہے، پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں بھگتا یہ کس احتساب کی بات کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ بلاول بھٹو میں اخلاقی جرأت ہے تو ن لیگ کی قیادت کے کردار کو چیلنج نہیں کرسکتے، پیپلز پارٹی کو مشورہ ہے کہ ایسے تنازعات کو میڈیا میں نہ کھولا جائے، ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں عمران خان اور نظام سے ہے
ن لیگ نے وژن 2025ء بنائے اور گیارہویں پانچ سالہ منصوبے پر کامیابی سےعمل کیا، پی ٹی آئی کیلئے بارہواں پانچ سالہ منصوبہ تیار چھوڑ کرگئے لیکن یہ نالائق اسے تین برسوں میں مکمل نہیں کرسکے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امپائر سے مدد مانگنا ہماری طرزِ سیاست نہیں ہے۔