سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) میں 8 گولیاں لگنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے طالبِ علم ولید خان کا کہنا ہے کہ ان کا موازنہ ملالہ سے نہ کیا جائے۔
ملالہ کے شادی کے حوالے سے بیان پر شدید تنقید کا طوفان آگیا تھا جس کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر ملالہ کو ولید خان سے سیکھنے کے مشورہ دیے جانے لگے تھے جس پر ولید خان نے بھی ردعمل دیا ہے۔
ولید خان نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے میری اور ملالہ کی موازنہ کرتی کچھ پوسٹس اور تصاویر زیر گردش ہیں، میری آپ سب سے درخواست ہے کہ یہ موازنہ بند کیا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ ’آپ کسی کو نیچا دکھا کر دوسرے کا دل نہیں جیت سکتے، ملالہ مجھ سمیت لاکھوں لوگوں کیلئے متاثر کن شخصیت ہیں۔‘
ولید خان کے مطابق، ملالہ کی فیملی ان کی فیملی کی طرح ہے اور ان کی زندگی کے مشکل وقت میں ملالہ کی فیملی نے جو ساتھ دیا وہ کبھی نہیں بھلا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر اس شخص پر فخر کرنا چاہئے جو ہماری پاک سر زمین کا نام مستقل مزاجی سے روشن کرتا ہے۔
ولید خان نے اس بات کی وضاحت بھی دی کہ وہ اس وقت برمنگھم میں ہی مقیم ہیں جہاں وہ اپنا علاج کروارہے ہیں اور تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں آپ سب کی محبتوں اور پیار کا شکرگزار ہوں لیکن براہِ کرم یہ موازنہ اب بند کیا جانا چاہئے۔‘