قومی ایئر لائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کورونا وائرس کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا، جبکہ این سی او سی نے تعلیمی ادارے پیر 7 جون سے کھلنے کی نوید سنا دی۔
کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق جون میں سائنو فارم، کین سائنو اور سائنو ویک کی مجموعی طور پر 11 ملین خوراکیں پاکستان کو ملیں گی۔
این سی او سی نے مزید بتایا کہ ملک میں جاری ماس ویکسی نیشن مہم میں سہولتیں بڑھانے کے ساتھ ساتھ کورونا ویکسین کی بلا تعطل سپلائی جاری ہے۔
این سی او سی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے پیر 7 جون سے کھول دیئے جائیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 923 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 84 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 4 ہزار 380 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح تقریباً 4 فیصد رہی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 189 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 48 ہزار 937 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 452 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 60 ہزار 385 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 393 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار 172 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 55 ہزار 6 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 82 لاکھ 63 ہزار 763 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔