ملتان(جنگ نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےافغانستان کے مشیر برائے قومی سلامتی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر تہمت لگاتے ہوئے شرم کرو، اگر زبان درازی بند نہ کی توکوئی پاکستانی تم سے ہاتھ ملائے گا نہ گفتگوکریگا۔ ملتان میں شاہ رکن عالم انٹرچینج پر پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان کا بیانیہ امن کا بیانیہ ہے۔ افغانستان کے مشیر برائے قومی سلامتی حمد اللہ محب امن میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ خدانخواستہ افغانستان میں خانہ جنگی ہوگی توپاکستان کونقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا افغانستان سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی سوچ کوآج دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان پرالزام لگانے والے آج مذاکرات پرقائل ہوگئے ہیں، افغانستان میں امن واستحکام کے لیے ہماری کاوشیں جاری رہیں گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کرسن لو، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں۔