لاہور(نمائندہ جنگ) پنجاب اسمبلی کےاتوار کو ہونیوالے اجلاس میں متعدد صوبائی وزراءسمیت کئی حکومتی اور اپوزیشن اراکین جنگ آزادی اور تحریک پاکستان کے ہیروز کی خدمات کو نظر انداز کرنے پر حکومت کے خلاف یک زبان ہوگئے انہوں نے بھارتی اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کی رہائش گاہوں کو ایکوائر کرانے کیلئے کروڑوں روپے لگاکر انہیں قومی ورثہ قرار دینے کے حکومتی اقدام کوہدف تنقید بنایا ۔
سابق صوبائی وزیر اور اپوزیشن رکن شیخ علاؤ الدین کا خطاب میں کہنا تھا کہ دلیپ کمار، راج کپور کو نئی نسل کا ہیرو بناکر پیش کرنا زیادتی ہے۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ یہ معاملہ موجودہ دور حکومت کا نہیں ہے۔
قائم مقام اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔تفصیل کے مطابق اپوزیشن رکن شیخ علاؤ الدین نے جب یہ معاملہ اسمبلی میں اٹھایا کہ حکومت مولانا ظفر علی خان، چودھری رحمت علی ، بھگت سنگھ، لاجپت رائے ، سکھبیر جیسے ہیروز کی آرام گاہوں اور گھروں سمیت بریڈلے ہال بلال گنج کی تعمیر و مرمت پر توجہ نہیں دے رہی اور اس کے برعکس بھارتی اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کو ہماری نئی نسل کا ہیرو بناکر پیش کررہی ہے جو ہمارے کلچر اور ہماری نئی نسل کے ساتھ بڑی زیادتی ہے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جنگ آزادی اور تحریک پاکستان کے ان ہیروز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی آرام گاہوں اور رہائش گاہوں کو قومی ورثہ قرار دینے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے اور ان کی تزئین و آرائش کیلئے فنڈز جاری کرے۔