پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لئے ٹیم کی تیاری بہت اچھی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں محمد وسیم نے کہا کہ پہلے فیصل آباد میں ایک ماہ ٹریننگ کی اور اب لاہور میں بھی دس دن ہوگئے ہیں، ہم نے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی اپنی تیاری مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کےلئے ٹیم کی تیاری بہت اچھی ہے، ہمارےپاس جو بہترین کھلاڑی موجود تھیں، ان کو منتخب کیا ہے۔
ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشن، مخالف ٹیم اور موجود فارم دیکھ کر سلیکٹ کیا ہے، کیمپ کے دوران سب کو برابر موقع دیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا ہے جن کی فارم اور فٹنس بہترین تھی، ہمیشہ گول ہوتا ہے کہ کوئی بھی ٹورنامنٹ ہو اس کو جیتیں۔
محمد وسیم نے یہ بھی کہا کہ ویمنز ٹیم اب جارحانہ کھیلتی دکھائی دے گی، فٹنس سمیت فیلڈنگ بھی بہتر نظر آئے گی، ہوم کنڈیشن سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اسٹرائیک تبدیل کرنے کے ساتھ جارحانہ انداز اپنائیں، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش کی ویمنز ٹیمیں زیادہ مضبوط ہیں۔