دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ’’عالمی یوم القدس‘‘ بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبیلو ایم) کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اللّٰہ ظالم کے خلاف میدان میں نکلنے کو پسند کرتا ہے۔ قبلۂ اول کی جنگ کسی گروہ، تنظیم یا فرقے کی نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کی جنگ ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ امریکا اور مغربی طاقتیں مسلم ممالک کے اندرونی خلفشار کو ہوا دے کر طاقت کا توازن اپنے حق میں رکھنا چاہتی ہیں۔ عالمی استعمار کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔