تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: سونیا چوہان
ملبوسات: سوہا نِگم
آرایش: روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایس ایم ریاض
لے آؤٹ: نوید رشید
علی اصغر عباس کی ایک بڑی پیاری سی نظم ہے؎’’ذہن کی عمارت میں…یاد اِک دریچہ ہے…اور اس دریچے کے گرد…دُور تک پھیلا…وقت کا سمندر ہے…وقت کے سمندر میں…دِن، مہینے لہریں ہیں…تند و تیز لہروں پر…تیرتے ہوئے لمحے…خوش گُلو پرندے ہیں…یاد اِک دریچہ ہے…جب کبھی اکیلے میں…دِل اُداس ہوتا ہے…ہم اِسی دریچے سے پار…جھانک لیتے ہیں…وقت کے سمندر میں…خوش گوار لمحوں کی…رنگا رنگ تصویریں…جان دار لگتی ہیں…شان دار لگتی ہیں…اور زندہ رہنے کا…اِک جواز بنتی ہیں۔‘‘
واقعی بعض یادیں اس قدر حسین ہوتی ہیں کہ دِل گرفتہ حالات میں نہ صرف جینے کی وجہ بن جاتی ہیں،بلکہ آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی دیتی ہیں،لہٰذا اپنا ’’آج‘‘ خوش گوار گزاریں، تاکہ جب یہ ’’کل‘‘ یادوں کی پٹاری کا حصّہ بنے تو بےرنگ نہ ہو اوراپنا کل رنگا رنگ بنانے کا ایک آسان سا حل خوش لباسی بھی ہے کہ ماہرین کے مطابق خوش پوشاکی مزاج پر خوش گوار اثرات مرتّب کرتی ہے اور جب مزاج میں خوش گواریت گُھلی ہو،تو گزرتے لمحات ذہن کی دیوار پر رنگا رنگ تصویروں کی مانند آویزاں ہوتے چلے جاتے ہیں۔ تو لیجیے، ہماری آج کی بزم دیکھیے، کیسے حسین، خوش نما اور جدّت وندرت سے بھَرپور ملبوسات سے مرصّع ہے کہ جنہیں دیکھ کر ہی آپ کو اپنی دنیا خوش گوار اور نئی نئی سی محسوس ہونے لگے گی۔
ذرا دیکھیے،لائٹ پِیچ رنگ پیراہن کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ ایمبرائڈرڈ ائیر لائن فراک کے گھیر پر ٹسلز کا جلوہ ہے، تو کنٹراسٹ میں دو رنگی(عنّابی اور نارنجی)دوپٹا بھی خاصا خوش گوار تاثر دے رہا ہے، جب کہ ٹراؤزر کے باٹم پر آرگنزا لیس کی آرایش ہے۔ پھرعنّابی مائل سُرخ رنگ لہرئیے دار پرنٹڈ ساٹن سِلک میکسی کی دِل کشی و رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔اِسی طرح ساٹن سِلک میں لائٹ فون رنگ اسٹرائپڈ پرنٹڈ باٹم ایمبرائڈرڈ فلیپر کے ساتھ کلیوں والے پیپلم کا انداز منفرد ہے،تو نیٹ دوپٹے کے اطراف براؤن ساٹن پٹّی اور کہیں کہیں ستاروں کی آرایش بھی خُوب ہے۔
جب کہ سیاہ پلین ٹراؤزر کے ساتھ میجنٹا رنگ اسٹائلش سی فراک کا لُک بھی غضب ہے کہ نلکی اور موتی ورک نے لباس کی شان کچھ اور بھی بڑھا دی ہے۔اور نارنجی رنگ پہناوے کی شان کے بھی کیا ہی کہنے ۔ ٹراؤزر کے باٹم اور قمیص پر گوٹا ورک ہے، توساتھ زرد رنگ نیٹ دوپٹےکے اطراف بھی گوٹا لیس ہی ٹانکی گئی ہے۔توکہیے، کیسی لگی آپ کو، ہماری یہ دِل کش ملبوسات سےآراستہ بزم۔