• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت استعفیٰ دے،اپوزیشن، حادثات کی وجہ پی پی اور ن لیگ ہیں، حکومت

حکومت استعفیٰ دے،اپوزیشن، حادثات کی وجہ پی پی اور ن لیگ ہیں، حکومت


لاہور، اسلام آباد(جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں) اپوزیشن کا کہناہےکہ3سال میں 8بڑے حادثات کی ذمہ دار نااہل حکومت استعفیٰ دےدوسری جانب حکومت کاکہنا ہے کہ حادثات کی وجہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کرپشن ہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ 3سال میں 8بڑے ٹرین حادثات کے بعد بھی حکومت اپنی مجرمانہ غفلت قبول کرنے کو تیار نہیں،کیسے ظالم اور بےحس لوگ پاکستان پر مسلط ہیں ،جتنے لوگوں نے اپنے پیاروں کو ان حادثات میں کھویا میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، اللّہ تعالیٰ سب کی مغفرت فرمائے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ گھوٹکی کے قریب 2 ٹرینوں کا حادثہ ہوا، یقین ہے ریلوے کا شعبہ ایف جی آئی آر حادثے کی پڑتال کرے گا، امید ہے گھوٹکی ٹرین حادثے کے حقائق سامنے لائے جائیں گے، حادثات کی بڑی وجہ حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا ہے، حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ پر60 سے 65 فیصد کٹ لگایا ہے، ٹریک اور لوکو موٹو کی مرمت نہ ہونے کے برابر ہے، جب آپ فنڈ نہیں دیں گے تو ایسے حادثات ہوں گے،انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ وزیرداخلہ اور وزیراطلاعات نے مجھ پرالزامات عائد کیے، حکومت نے ریلوے کا بیڑہ غرق کردیا ہے، ریلوے پر سفر کرنے والے لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھلیں،الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی بتائیں۔ادھر پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سابق حکمرانوں کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں کئی سال کی کوتاہیوں سے حادثات ہو رہے ہیں اورنج لائن کا پیسہ ریلوے ٹریک پر خرچ ہوتا تو ایسے حالات نہ ہوتے، نواز شریف دور میں منگلا سے ایک ٹریک جاتا تھا جو ختم ہو گیا، پتا چلا کہ اتفاق فاؤنڈری نے پورا ٹریک ہی خرید لیا ہے ان لوگوں نے کرپشن اور سینہ زوری کی بنیاد رکھی، ایسے حکمران مسلط رہے جنہیں قوم کی پرواہ نہیں تھی، ریلوے حادثات کا خون (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں پر ہے، سیاسی بھرتیوں کے ذریعے سرکاری اداروں کو تباہ کیا گیا اس کے مقابلے میں تحریک انصاف نے ایک بھی سیاسی بھرتی نہیں کی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کوفی الفور تحقیقات کرکے عوام کے سامنے لائے اور ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمیوں کی مالی معاونت کی جائے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ٹرین حادثے میں جاں بحق مسافروں اور ریلوے ملازمین کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔

تازہ ترین