مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے وفاقی وزیر فواد چوہدری پر قوم کو گمراہ کرنے کا الزام لگادیا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بی آر ٹی کیوں بنائی؟ یہ پیسا ریلوے پر خرچ کردیتے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری قوم کو گمراہ کر رہے ہیں کہ اورنج لائن پر وفاق نے خرچ کیا، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اورنج لائن صوبے کا منصوبہ ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہاکہ حکومت نے ریلوے کے شعبے کو فنڈز سے محروم رکھ کر ناکامی کی نذر کر دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو سیکشن کمزور ہوں وہاں اسپیڈ کم کرکے ٹرین کو گزارا جاتا ہے، دنیا بھر میں پرانے ریلوے ٹریکس تبدیل ہوتے ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ریلوے کا بجٹ 34 ارب رپے کیا تھا، موجودہ حکومت نے ریلوے کا بجٹ کم کر کے 16 ارب روپے کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ریلوے ٹریک کیسے تبدیل ہو سکتے ہیں، موجودہ حکومت نے بی آر ٹی کیوں بنائی یہ پیسا ریلوے پر خرچ کر دیتے۔