• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی خاندان کا قتل، کینیڈین ہائی کمشنر کی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی

کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے قتل کے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 

وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کینیڈین ہائی کمشنر نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ 

اس ملاقات میں ‏کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر گفتگو ہوئی جبکہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ المناک واقعہ پر بہت رنجیدہ ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کا قتل اسلاموفوبیا اور دہشتگردی کی واضح مثال ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردِعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز واقعات اسلاموفوبیا کی موجودگی کا ثبوت ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور میں نے بطور وزیر خارجہ اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائی، اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ 

اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ 

اس حوالے سے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کینیڈین ہائی کمشنر نے واقعےکی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 

تازہ ترین