• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے، مریم نواز


مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا حصہ نہیں ہے، میرا نہیں خیال کہ پیپلزپارٹی کے معاملے پر اب بات کرنی چاہیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں، سب کا ایک ہی نظریہ ہے، اس میں شامل جماعتوں کا وہی موقف ہے جو نواز شریف کا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پیپلزپارٹی میرا ہدف نہیں ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی بہتر سوال ہے تو کرلیں؟

نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ جج شوکت عزیز صدیقی کو سچ بولنے کی سزا نہ دی جائے،آج جسٹس شوکت عزیز ہیں تو کل کوئی بھی جج سوچ بولنا چاہے گا تو کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ججوں کو پریشر نہ کیا جائے اور سچ بولنے کی اجازت دیں، ججوں کے کیریئر پر اس طرح دھبہ لگتا ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ نون مہنگائی کے تمام اعداد و شمار عوام کے سامنے لائے گی،نون لیگ بجٹ سے متعلق مشاورت کررہی ہے،ہم اپنی بجٹ حکمت عملی جلد سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ استعفوں کا فائدہ تب ہوتا جب تمام جماعتیں استعفیٰ دیتیں، کچھ جماعتوں کی جانب سے استعفیٰ دینے سے نقصان ہوتا،حکومت وقت کی نااہلی، نالائقی ہم سب کے سامنے ہے،آخر کب تک کارکردگی کے بغیر حکومت کام کرتی رہے گی۔

گھوٹکی ٹرین حادثے پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ اس حکومت میں جتنے بھی ٹرین حادثے ہوئے نالائقی کی وجہ سے ہوئے،موجودہ حکومت ٹرین حادثات کی ذمہ داری بھی نہیں لے رہی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے سات آٹھ سال کے پراجیکٹس کو دو سال میں ختم کیا، نوازشریف نے اقدامات کیے اور لوڈ شیڈنگ زیرو ہوئی ، نالائقی کی وجہ سے موجودہ حکومت نے بائیس بائیس گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ پہنچا دی ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں صرف نواز شریف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ اداروں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانےکے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اس سے متعلق بشیر میمن کا بیان بھی موجود ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا سے پتہ چل رہا ہے حکومت امریکا کو فضائی اڈے دے چکی ہے، امریکا کو اڈے فراہم کرنے والی بات بہت سنجیدہ معاملہ ہے،حکومت پاکستان نے امریکا کو اڈے مہیا کرنے والی بات نہیں جھٹلائی،پارلیمنٹ میں حکومت بتائے کہ کیا سودا کرکے آئے ہیں۔

تازہ ترین