وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں مقیم بےقصور پاکستانی نژاد خاندان کے 4 افراد کے قتل پر افسوس ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کینیڈین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم بے قصور پاکستانی نژاد خاندان کے 4 افراد کے قتل کے الم ناک واقعے پر بہت افسوس ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو محض مسلمان ہونے کی بنا پر نشانہ بنانا اسلاموفوبیا کی واضح مثال ہے، کینیڈا سمیت مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کے تدارک کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ نے واقعے کی جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔