اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے گلگت و بلتستان کے 14 افراد کی ملٹری کورٹ سے ملنے والی سزائوں کیخلاف ملزمان کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کے دو ران اپیل گزاروں کوچیف کورٹ گلگت و بلتستان سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیاہے کہ جہاں سزا ہوئی ہے اسی سے متعلقہ ہائیکورٹ میں ہی اپیل دائر کی جاسکتی ہے،جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی تو جسٹس مشیر عالم نے قرار دیا کہ ملٹری کورٹ سے ہونے والی سزا کیخلاف اپیل آرمی چیف یا ان کے مقرر کردہ نمائندے کے پاس ہوسکتی ہے، 133 بی کے تحت آرمی چیف اپیل سننے کا اختیار رکھتے ہیں، جس پر ملزمان کے وکیل نے کہاکہ آرمی چیف کا ہیڈ آفس راولپنڈی میں ہے ،اسی بناء پر ہم نے لاہور ہائیکورٹ (راولپنڈی )بینچ میں اپیل دائر کی تھی جس پر، جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ اسطرح تو قتل کے مقدمات میں رحم کی اپیل صدر مملکت دیکھتے ہیں،تو کیا آپ اس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں آجائیں گے ۔