• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ سرا کامی سد کا ایمان علی کو کرارا جواب

پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ماڈل و اداکارہ کامی سد کی جانب سے ایمان علی کے حالیہ بیان پر شدید ردّعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

حال ہی میں ایمان علی ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئی تھیں جہاں اُنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ’اُنہیں اپنا چہرہ بالکل پسند نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے اپنے چہرے کو خواجہ سرا سے تشبیہ دی۔ 

ایمان علی کے اس بیان پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے اُنہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا تو وہیں پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ماڈل و اداکارہ کامی سد بھی کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

کامی سد نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں جاری کیے گئے پیغام میں ایمان علی سے مخاطب ہوکر کہا کہ  خواجہ سرا ہونے میں کوئی بُرائی نہیں ہے کیونکہ ہم بھی اللّہ تعالیٰ کی ہی بنائی ہوئی مخلوق ہیں۔‘

خواجہ سرا ماڈل نے کہا کہ ’جس طرح آپ ایک عورت ذات ہوکر نارمل زندگی گُزار رہی ہیں، اسی طرح خواجہ سرا ہونا بھی نارمل ہے لیکن مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ  اس لفظ کو کسی کی توہین کے لیے کیوں استعمال کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’خُدا کے لیے ہمیں خواجہ سرا برادری کے لیے اپنے نظریات کو تبدیل کرنا ہوگا۔‘

خیال رہے کہ  ایمان علی نے انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں اپنے چہرے کے خدوخال بالکل پسند نہیں ہیں جس کی وجہ سے اُنہیں اپنی شکل بُری لگتی ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ میں اپنے چہرے کی وجہ سے تصویریں بھی نہیں لیتی کیونکہ مجھے کوئی تصویر اچھی ہی نہیں لگتی اور یہی وجہ ہے کہ میں سوشل میڈیا پر اپنی بہت کم تصاویر پوسٹ کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ ایمان علی کا شمار پاکستان کی کامیاب اور مقبول ترین ماڈلز میں ہوتا ہے، اس کے علاوہ وہ لالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا چکی ہیں، جن میں ’بول‘، ’ماہِ میر‘ اور ’خُدا کے لیے‘ شامل ہیں۔

تازہ ترین