شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے کینیڈا میں پاکستانی فیملی کو ٹرک سے کچلنے کے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دنیا میں بڑھتے اسلاموفوبیا پر آواز اٹھائی ہے۔
اداکار نے کہا کہ وہ تمام لوگ جو یہ سوچتے ہیں کہ اسلاموفوبیا محض اب ایک خیال ہے تو نہیں اب ایسا بالکل نہیں رہا۔
عدنان صدیقی نے افضال فیملی کیلئے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا یوں قتلِ عام اب بند ہونا چاہیے۔
مسلمانوں کی دشمنی میں ہر حد سے گزرجانے والوں کو اداکار نے مشورہ دیا کہ جائیں پہلے ہمارے بارے میں تھوڑا جان لیں پھر یہ منافرت پھیلائیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف بھی اس کے عقیدے کے خلاف بے ہودہ جرائم کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں نفرت انگیز جرم کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ اتوار کی شام اونٹاریو میں 46 سالہ سلمان افضال، 74 سالہ طلعت افضال، 44 سالہ مدیحہ سلمان، 15 سالہ یمنیٰ افضال گھر سے چہل قدمی کیلئے نکلے تو مذہبی تعصب میں مبتلا دہشتگرد نے انہیں ٹرک سے روند دیا۔