• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے نہیں کہاIMF نے امریکا کی وجہ سے پاکستان کو کچھ رعایتیں دیں، شوکت ترین

میں نے نہیں کہاIMF نے امریکا کی وجہ سے پاکستان کو کچھ رعایتیں دیں، شوکت ترین


اسلام آباد، کراچی (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہےکہ ان سے منسوب کی گئی یہ بات غلط ہے کہ آئی ایم ایف نے امریکا کی وجہ سے پاکستان کو کچھ رعایتیں دی ہیں۔ اقتصادی سروے کے اجراء کے موقع پر پریس کانفرنس میں ایک سوال پر امریکا سے متعلق برطانوی جریدے میں شائع ہونیوالے بیان کی تردید کر دی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ امریکا نے فوجی تربیت کی غرض سے پاکستان کے لیے کچھ رقم ضرور رکھی ہے ، اس کے علاوہ کچھ نہیں ، ویسے بھی پاکستان نے امریکا پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو پیسے نہیں چاہئیں، امریکا سے تجارت کا فروغ چاہتے ہیں ۔

قبل ازیں غیرملکی میڈیا نے اسٹوری دی جس میں دعویٰ کیاگیاکہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر تعاون نے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے لئے آئی ایم ایف کی غیر مقبول اصلاحات کو موخر کرنے کی گنجائش پیدا کردی ہے۔

6ارب ڈالرز کے امدادی پروگرام کی آئندہ قسط کے لئے حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف میں بات چیت کا عمل جاری ہے ، پاکستان افراط زر پرقابو پانے اور کورونا وائرس کے اثرات بد سے نکلنے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ 

پاکستانی حکام آئی ایم ایف سے مالی معاونت کے لئے امریکی حمایت حاصل کر نے کی تگ و دو میں ہیں ،صدر جو بائیڈن 11 ستمبر 2021 تک امریکی فوج کو افغانستان سے نکال لینا اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا چاہتے ہیں، شوکت ترین جو تین سال میں پاکستان کے چوتھے وزیر خزانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاور ٹیرف اور سیلز ٹیکس میں اضافہ روکنے کے لئے پاکستان کی درخواست قبول کر لی ، اضافے سے ملک کے غریب طبقے کے شدید متاثر ہو نے کا خدشہ ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ امریکی حکام اس سلسلے میں پاکستان کی مدد پر آمادہ ہیں۔ ٹرمپ، دور کے بعد پاکستان نے افغانستان میں امریکی جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

وہائٹ ہائوس میں قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نےکہا کہ مستقبل میں امریکی اہلیت کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہو ئے ہیں ،امریکا نے پاکستان سے اپنے ملک میں ایک اڈہ فراہم کر نے کے لئے کہا ہے تاکہ وہاں سے افغانستان میں دہشت گردی کچلنے کے لئے آپریشن کیا جا سکے ۔ 

شوکت ترین نے کہا کہ امریکی فوجی تربیتی پروگرام کے احیا سے اندازہ ہو تا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں گرم جوشی آرہی ہے ۔ اس بات کی بھی توقع ہے کہ ورلڈ بینک رواں ماہ کے آخر تک 80 کروڑ ڈالرز نئے قرضے کی منظوری دے گا۔

شوکت ترین نے کہا کہ اقتصادی شرح نمو رواں سال چار فیصد ہو نے کی توقع ہے لیکن پاکستان کو اس میں مزید بہتری لا نے کی ضرورت ہے ۔ریٹنگ ایجنسی فچ کے مطابق کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اقتصادی مندی اور سیاسی بحران سے اصلاحات کا ایجنڈا خطرے میں پڑسکتا تھا ۔ 

اس کے علاوہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ پر ہے ، تاہم پاکستان اب ایف اے ٹی ایف کی ضروریات پوری کر نے کے قریب ہے ۔اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں جنو بی ایشیائی امور پر تجزیہ کار اسفندیار میر نے کہا کہ اب صدر بائیڈن افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا چاہتے ہیں تو حالات پاکستان کے حق میں بہتر ہیں ،امریکا افغان امن عمل اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شدت سے مدد چاہتا اور اس کے پاس پاکستان کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔

تازہ ترین