• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی کمیشن میں جرمن عدالت کے فیصلے کی تحقیقات شروع

برسلز ( نیوز ڈیسک) یورپی کمیشن نے جرمن عدالت کی جانب سے متنازع فیصلے کی تحقیقات شروع کردی۔ یورپی کمیشن کے تحت شروع کی گئی کارروائی کے دوران اس بارے میں چھان بین کی جائے گی کہ جرمن عدالت کا یورپی مرکزی بینک سے متعلق فیصلہ یورپی یونین کے قوانین کے منافی تھا۔ فیصلے میں جرمن عدالت نے یورپی مرکزی بینک کی طرف سے مالیاتی بانڈز کی خریداری کو چیلنج کر دیا تھا، جب کہ یورپی عدالت انصاف اس کی منظوری دے چکی تھی۔ یورپی کمیشن نے جرمن حکومت کے نام باقاعدہ خط لکھا ہے کہ وہ یہ طے کرنے کی کوشش میں ہے کہ آیا یہ جرمن عدالتی فیصلہ یورپی یونین کے قوانین کے منافی تھا۔ اس عمل کے نتیجے میں یورپی عدالت انصاف جرمنی کو جرمانہ بھی کر سکتی ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق جرمنی کی اعلیٰ عدالت نے گزشتہ برس مئی میں یورپی مرکزی بینک کو 3ماہ کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا تھا کہ وہ مالیاتی بانڈز کی خریدار کے پروگرا م کے قانونی ہونے کو ثابت کرے۔ فیصلے میں کہا گیا تھاکہ اگر یورپی بینک اس پروگرام کی قانونی حیثیت کو ثابت کرنے میں ناکام رہا تو جرمنی کا مرکزی بینک اس سے علاحدہ ہوجائے گا اور اس دوران خریدے گئے تمام بانڈ فروخت کردیے جائیں گے۔ یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ برلن حکام کے نام لکھے گئے خط کا جواب دینے کے لیے 2ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ اس دوران اگر یورپی کمیشن جرمنی کے جواب سے مطمئن نہ ہوا تو یہ کیس یورپی عدالت کے سپرد کردیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ جرمن عدالت کا فیصلہ مقامی بینکوں ، یورپی مرکزی بینک اور تجارتی اتحاد کے رکن ممالک کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اسے معمولی سمجھ کر درگزر نہیں کیا جاسکتا۔
تازہ ترین