• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز، سفارت خانہ پاکستان میں ’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘ ویبنار کا انعقاد

سفارت خانہ پاکستان برسلز نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور میزان بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے  ’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘ (آر ڈی اے) شریعی سرمایہ کاری اور مالی مواقع کے بارے میں ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔

ویبنار سے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ، بانی صدر اور سی ای او میزان بینک، جناب عرفان صدیقی اور اسٹیٹ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر ظہیر  جنجوعہ نے آر ڈی اے کو حکومت کا جدید اقدام قرار دیا جس نے پاکستانی باشندوں کو پاکستان میں اپنے پیاروں کو رقم بھیجنے میں مدد فراہم کی ہے اور بینکنگ خدمات فراہم کرکے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں آسانی پیدا کردی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال (جولائی تا اپریل) کے پہلے 10 ماہ کے دوران، بیلجیم اور لکسمبرگ کی ترسیلات زر میں 270 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو کہ 202.6 ملین امریکی ڈالر ہے جو پچھلے مالی سال کے  اسی عرصے میں 54.8 ملین امریکی ڈالر  تھی۔

سفیر نے ترسیلات زر کے بہاؤ میں ریکارڈ اضافے پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہے گا۔ 

سفیر نے زور دے کر کہا کہ یہ رجحان حکومت کی معاشی پالیسیوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

میزان بینک کے بانی صدر اور سی ای او مسٹر عرفان صدیقی نے اس اقدام کے تحت صارفین کو وسیع پیمانے پر فوائد کے بارے میں بات کی، منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک، سید عرفان علی نے بھی آر ڈی اے کی اہم خصوصیات اور فوائد کے بارے میں تفصیلات بیان کی۔

ورچوئل انٹرایکشن میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی باشندوں نے بڑی تعداد میں  شرکت کی جس میں بینکر، مالیاتی ماہرین، کاروباری افراد، طلبہ اور میڈیا کے افراد شامل تھے۔ 

شرکاء نے بحث میں فعال طور پر حصہ لیا، اسکیم کے بارے میں سوالات پوچھے اور اس اقدام کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکاری کے جدید حل فراہم کرنے کے لیے ستمبر 2020 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا افتتاح کیا تھا۔ 

گزشتہ ستمبر میں اس سہولت کے آغاز کے بعد سے اب تک ایک ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ترسیلات زر دیکھی گئیں ہیں۔

تازہ ترین