• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترین گروپ نے پنجاب حکومت کے وعدوں کو بجٹ ووٹ سے مشروط کردیا

بجٹ سیشن سےقبل حکومتی و پارٹی اجلاس میں تمام ارکان کو شرکت کی ہدایت کردی گئی، ترین گروپ نےحکومت پنجاب کے وعدوں کو بھی بجٹ میں ووٹ سے مشروط کر دیا۔

تحریک انصاف کے ایم این اے راجا ریاض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جہانگیرترین گروپ بجٹ کی منظوری میں حکومت کاساتھ دے گا، جہانگیرترین اور ہمارا پہلے دن سے مؤقف تھاکہ ہم تحریک انصاف میں ہیں۔

راجا ریاض کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہم نے پہلے دن سے ایک ہی بات کی تھی کہ ہمیں انصاف چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے اور ہمیں آج انصاف ملا ہے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

اس سے قبل آج تحریک انصاف کے رہنماجہانگیر خان ترین سے ہم خیال گروپ کے ارکان اسمبلی، وزراء نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال ، صوبائی وزیراجمل چیمہ ، سابق وزیر زوار وڑائچ ، ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا، ایم پی اے سردار خرم لغاری اور دیگر ارکان شامل تھے ۔

ملاقات میں ترین گروپ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر مشاورت کی، مشاورت میں طے کیا گیا کہ ترین گروپ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری میں حکومت کا مکمل ساتھ دے گا۔

واضح رہے کہ آج عدالت نے منی لانڈرنگ اور کارپوریٹ فراڈ کیس میں جہانگیرترین اور ان کے بیٹے علی ترین کے وکیل کی جانب سے درخواست ضمانت واپس لیے جانے پر عدالت نے کیس نمٹا دیا ہے۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے عدالت میں کہا کہ خدا کا شکر، یہ مشکل وقت تھا گزر گیا۔


تازہ ترین