• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ شوکت ترین کی بجٹ تقریر مثبت اور سادہ تھی، شجاعت حسین


سابق وزیراعظم اور حکمران اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بجٹ تقریر کو مثبت اور سادہ قرار دیدیا۔

لاہور میں بجٹ 2021-22 پر تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ وزیرخزانہ شوکت ترین کی بجٹ تقریر مثبت اور سادہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ تقریر میں اعداد و شمار کا گورکھ دھندہ نہیں پیش کیا گیا، بجٹ مسائل کی آگاہی اور ان کا حل نکالنے کے لئے مثبت تجاویز پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح روایتی سیاسی تقریر نہیں تھی، جس میں وزیراعظم کی مدح سرائی زیادہ کی جاتی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بجٹ کا فائدہ تب ہے، جب تنخواہ دار اور مزدور طبقے کو عملی طور پر فائدہ پہنچے، ٹیکس کا اثر سب سے زیادہ تنخواہ دار طبقہ پر پڑتا ہے۔

ق لیگ کے صدر نے یہ بھی کہا کہ کاروباری طبقہ 2 روپے کی چیز 4 روپے میں بیچ کر اپنا نقصان پورا کرلیتا ہے جبکہ تنخواہ دارطبقہ اپنی آمدن خود نہیں بڑھا سکتا اس کا سارا انحصار مالک پر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار طبقہ کاروبار کے منافع کا حصہ ملازمین کے لئے بھی رکھے تو عام آدمی کی زندگی بہتر ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین