• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپرا نے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا ایکشن پلان طلب کرلیا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے ایکشن پلان طلب کرلیا۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق اسلام آباد ہیڈ کوارٹر میں ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معاملے کی سماعت ہوئی۔

سماعت میں ڈسکوز، کے۔الیکٹرک، وزارت توانائی، این ٹی ڈی سی، این پی سی سی اور واپڈا عہدیدار شریک ہوئے۔

نیپرا نے دوران سماعت اسٹیک ہولڈرز کو واضح ہدایت کی کہ اس قسم کی لوڈشیڈنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ڈسکوز کے کوٹے سے کم بجلی لینے پر اتھارٹی نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بجلی کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے متعدد پاور پلانٹس لگائے گئے ہیں۔

نیپرا اعلامیے میں کہا گیا کہ کپیسٹی چارجز کی مد میں بھاری رقم ادا کرنا پڑرہی ہے، اس کے باوجود صارفین کو بجلی فراہم نہیں کی جارہی۔

نیپرا نے دوران سماعت جون اور جولائی میں شیڈول بندش پر رکھے گئے پلانٹس کا سخت نوٹس لے لیا اور این ٹی ڈی سی کو ہدایت کی کہ اس طرح کے عمل سے گریز کریں۔

اعلامیے کے مطابق اتھارٹی نے ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائے اور صارفین کو ریلیف کے لئے ایکشن پلان جلد از جلد پیش کریں۔

تازہ ترین