ابوظبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10 وکٹ سے باآسانی ہرا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں اوپنرز نے محض 10 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ کولن منرو 90 اور عثمان خواجہ 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کولن منرو کو شاندار اور تیز ترین بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ جس پر کوئٹہ نے 20 اوورز میں 133 رنز بنائے تھے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیک ویدرالڈ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اعظم خان 23 گیندوں پر 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی، محمد وسیم اور محمد موسیٰ نے دو، دو جبکہ عاکف جاوید اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔