• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، قلندرز پھر کامیاب، راشد نے زلمی کی سٹی گم کردی، افغان لیگ اسپنر کے 5 شکار

ابوظبی (جنگ نیوز) لاہور قلندر نے پاکستان سپر لیگ میں دو دن میں دوسری فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔ٹیم پانچ میچ جیت کر10پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔ جمعرات کی شب راشد خان کے جادو نے پشاور زلمی کی سٹی گم کردی ،افغان اسپنر نے 4 اوورز میں 20 رنز کے عوض پانچ شکار کیے۔170 کے جواب میں ناکام ٹیم میں 8 وکٹپر 160 رنز بناسکی ۔لاہور قلندرز نے میچ 10 رنز سے جیت لیا۔قبل ازیں لاہور قلندرز نے 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ 25 پر چار وکٹ کھونے کے بعد ٹم ڈیوڈ اور بین ڈنک نے ٹیم کو سنبھالا۔ ٹم ڈیوڈ نمایاں کھیل پیش کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 68 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بین ڈنک نے 48 اور جیمز فولکنر نے 22رنز اسکور کیے۔ پشاور زلمی کی جانب سے فیبئن ایلن نے 2 جبکہ وہاب ریاض، محمد عرفان، عمید آصف اور محمد عمران نے ایک، ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔ جواب میں زلمی کا آغاز بھی خراب رہا، کامران اکمل اور حیدر علی دوسرے ہی اوور میں آئوٹ ہوگئے جس کے بعد ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ شعیب ملک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 48 گیندوں پر چار چوکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔شعیب ملک نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ ملکر زلمی کی اننگز کو سنبھالا، مگر ملر زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور 21 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ 73 کے مجموعے پر پشاور زلمی کے 6 کھلاڑی آئوٹ ہوچکے تھے ۔ کپتان وہاب ریاض اور شعیب ملک نے اسکور 114 پر پہنچایا، وہاب بھی 17 رنز بنا کر شعیب کا ساتھ چھوڑ گئے۔ راشد خان نے مڈل آرڈر کو تہس نہس کردیا۔آخری امید شعیب ملک بھی 73 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ نئے آنے والے کھلاڑی عمید آصف نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے 5 وکٹیں حاصل کی جبکہ جیمز فولکنر نے 2 اور حارث رؤف نے زلمی کے دو شکار کئے۔

تازہ ترین