• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکارپور، کشمور کچے کے جنگلات میں آپریشن کی ہدایات

سکھر(بیورورپورٹ ، چوہدری محمد ارشاد ) آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے شکارپور، کشمور کچے کے جنگلات میں ڈاکووں کے خلاف انٹلیجنس بنیاد پر اسمارٹ آپریشن کی ہدایات دے دیں، آپریشن میں پولیس کو نقصان سے محفوظ رکھتے ہوئے اپنا ہدف حاصل کیا جائے، افسران ڈرائنگ روم یا دفاتر سے بیٹھ کر موبائل فون کے ذریعے آپریشن کرنے کے بجائے خود کچے میں جوانوں کے ساتھ ملکر آپریشن میں حصہ لیں گے تو آپریشن کامیاب ہوگا، ڈاکووں کے خلاف آپریشن کے لئے پولیس نے پاک فوج کی ٹیکنکل مدد بھی حاصل کی ہے، آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر کو ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ، ایس ایس پی شکارپور تنویر حسین تنیو اور ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ نے کراچی میں ملاقات کے دوران بریفنگ دی، آئی جی سندھ نے پولیس افسران کی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ کو سراہا اور کچھ ہدایات ان کیمرا دی گئیں، آئی جی سندھ نے کشمور آپریشن اور علاقے میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا، اور شکارپور ٹارگیٹڈ آپریشن کی حکمت عملی کی تعریف کی۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج مظہرنواز شیخ نے جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ڈاکووں کے خلاف انٹیلیجنس کی بنیاد پر اسمارٹ آپریشن کرنے کے احکامات دئیے ہیں، پولیس نے پاک فوج کی ٹیکنکل مدد بھی حاصل کی ہے اور آپریشن کے لئے جدید اے پی سی چینر ، بکتر بند گاڑیاں اسلحہ ڈورون اور نائٹ وژن کیمروں سمیت جدید اسلحے اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، پولیس اس وقت کشمور اور شکارپور کے جنگلات اور کچے کے علاقوں میں موجود ہے، دونوں اضلاع میں آپریشن کی کمانڈ ایس ایس پی صاحبان کررہے ہیں جو خود کچے کے علاقوں میں کمیپ قائم کرکے آپریشن میں موجود ہیں میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اس مرتبہ پولیس ڈاکووں کے خلاف جو آپریشن کررہی ہے وہ ماضی سے بلکل مختلف ہوگا ہمیں حکومت، آئی جی سندھ کی مکمل سپورٹ حاصل ہے، آئی جی سندھ خود آپریشن کو مانیٹر کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ شکارپور آئی جی سندھ کا اپنا ضلع ہے جہاں ڈاکووں نے چند روز قبل پولیس کی اے پی سی پر راکٹ لانچر سے حملہ کرکے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد شکارپور میں فوری طور پر آپریشن کی کمانڈ تبدیل کرکے مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی لاڑکانہ اور تنویر حسین تنیو کو ایس ایس پی شکارپور اور آپریشن کمانڈر تعینات کیا گیا ہے ان افسران کو آئی جی سندھ نے خصوصی ٹاسک دیا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے ایک منظم حکمت عملی کے تحت مسلسل ڈاکووں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین