اسلام آباد(خبرایجنسیاں) وفاقی وزراء نے بجٹ کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ کو ہر طبقہ فکر کے افراد نے سراہا، اپوزیشن نے بجٹ پڑھنے کی بھی زحمت نہیں کی۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کاکہناتھا کہ اپوزیشن کا رویہ حسب معمول غیر ذمہ دارانہ رہا،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاکہ ہوا میں تیر نہ چلائے ، مزدور،تنخواہ دار طبقہ، صنعت کار ، کسان سب نے اس کو سراہا ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے فنانس ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
ہفتے کو ایک پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ایسی غیر سنجیدہ اپوزیشن سے عوام کیا توقع کر سکتی ہے، اگلے 7سال بھی یہ لوگ ایسے ہی بینر اٹھا کر کونے میں کھڑے ملیں گے۔
فریئر ہال میں بحیثیت مہمان خصوصی پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (پی آئی ایف ایف)میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ امید ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت بجٹ کی مختص رقم عوام پر خرچ کرے گی۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے تمام تر چیلنجز کے باوجود متوازن بجٹ پیش کیا ، حکومت نے عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پر عزم ہے۔
سوائے اپوزیشن کے ملک میں بسنے والے ہر طبقے نے مالی سال 2021-22 کو عوام،کاروباردوست اور متوازن بجٹ قرار دیا ہے ، بلاول اور شہباز شریف اپنی قیادت میں بجٹ تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی اور ہلڑ بازی کرواتے رہے۔
انتہائی اہم موقع پر عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی کے حوالے سے بجٹ کا ایک لفظ بھی نہیں سنا، اب ہوا میں تیر نہ چلائے ، مزدور،تنخواہ دار طبقہ، صنعت کار ، کسان سب نے اس کو سراہا ہے ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ریکارڈ مہنگائی اور کورونا کے باوجود عوامی بجٹ پیش کرنے پر فنانس ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔