• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، 85 ATM کارڈز سمیت پکڑے گئے 4 افراد کمپنی ملازم نکلے

کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود قائد آباد میں سے 85 اے ٹی ایم کارڈز اور 8 لاکھ روپے سے زائد رقم کے ساتھ پکڑے گئے 4 افراد ڈاکو نہیں بلکہ ایک نجی کمپنی کے ملازم نکلے۔

چاروں افراد اپنے ساتھی ملازمین کی تنخواہیں نکلوانے کے لیے ان تمام کے کارڈز لے کر اے ٹی ایم مشین تک آئے تھے جنہیں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے سے رہا کر دیا گیا ہے۔ 

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق مددگار 15 پولیس نے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود قائدآباد منزل پمپ کے قریب نجی بینک کے اے ٹی ایم کے اندر سے 4 مشکوک افراد کو حراست میں لیا تھا جو اطلاع کے مطابق کافی دیر سے اے ٹی ایم مشین کے اندر آ جا رہے تھے۔ 

چاروں افراد کے قبضے سے 85 اے ٹی ایم کارڈز اور 8 لاکھ 13 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے تھے۔

مددگار 15 پولیس نے انہیں حراست میں لے کر رقم اور کارڈز سمیت شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے حوالے کیا تھا۔ 

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران حراست میں لیئے گئے چاروں افراد نے کمپنی ملازم ہونے کا دعویٰ کیا اور بتایا کہ وہ اپنے ساتھی ملازمین کی تنخواہوں کی رقم نکلوانے کے لیے اے ٹی ایم مشین تک آئے تھے۔ 

ان کی کمپنی کی جانب سے تصدیق کے بعد چاروں افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین