• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کو عوام نے منتخب کیا ہے: تیمور تالپور کا فواہد چوہدری کو جواب

سندھ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے کی عوام نے منتخب کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ جو بات کرتے ہیں آئین کے تحت کرتے ہیں۔

ایک بیان میں تیمور تالپور نے کہا کہ وفاقی حکومت تذبذب کا شکار ہے کہ کس طرح سندھ حکومت تحلیل کی جائے، مرکز کی تمام مشینری اور وزراء سندھ حکومت کے خلاف لگی پڑی ہے۔

تیمور تالپور نے کہا کہ وفاق چاہتا ہے کہ سندھ حکومت عوامی رائے پر بات نہ کرے، این ایف سی کے ذریعے اگر پیسہ دیا گیا ہے تو اس کی تفصیلات بھی بتا دیتے۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ نے تو پیسہ دینا نہیں، جو ہم نے عوام پر خرچ کردیا تو اس پر آپ کو اعتراض ہو رہا ہے۔

تیمور تالپور نے یہ بھی کہا کہ وفاقی وزیر سپریم کورٹ کو حکم دے رہے ہیں کہ سندھ میں آرٹیکل 140 لگایا جائے، تعجب ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف تند و تیز جملے استعمال کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر قوم پرستی کی سیاست کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ بدقسمتی سے قوم پرستی کی سیاست کر رہے ہیں، لوگ مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں لیکن آئین میں اس کی گنجائش نہیں، آرٹیکل 140 اے کے نفاذ سے ہی سندھ کو اس کا حق مل سکتا ہے۔

تازہ ترین