• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ قوم پرستی کی سیاست کر رہے ہیں: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر قوم پرستی کی سیاست کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ بدقسمتی سے قوم پرستی کی سیاست کر رہے ہیں، لوگ مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں لیکن آئین میں اس کی گنجائش نہیں، آرٹیکل 140 اے کے نفاذ سے ہی سندھ کو اس کا حق مل سکتا ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کسی ایک فرد کو ربڑ اسٹمپ کے طور پر وزیرِ اعلیٰ سندھ بنا دیا جاتا ہے، زرداری فیملی اسے اپنی مرضی سے چلاتی ہے، کراچی کو پیسہ مل نہیں رہا، سندھ کے مسائل حل ہو نہیں رہے ، تو یہ پیسہ جا کہاں رہا ہے؟ 

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کا پانی پنجاب نہیں بلاول، مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے لوگ چوری کر رہی ہے، آصف زرداری اور ان کی بہن کی زمینوں کا پانی تو کبھی کم نہیں ہوا، غیر جانبدار مبصرین کو لگانے دیں پتہ چل جائے گا کہ کتنا پانی آیا اور کتنے پانی کا اخراج ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی ٹرپنگ ہوئی، بجلی کی ٹرپنگ کراچی میں نہیں ہوئی، سوائے ان علاقوں کے جہاں بجلی چوری کی شکایات ہیں، وزیرِ اعلیٰ سندھ وفاق اور ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست سے خود کو الگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صوبائی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے، تمام صوبوں کا شیئر بڑھے گا، ساڑھے 7 سو ارب سے زیادہ رقم این ایف سی سے سندھ کو ملے گی، یہ شہر اپنی پولیس تک نہیں بنا سکا اس لیئے رینجرز کی مدد لینی پڑتی ہے، کراچی میں پولیس کی اتنی اہلیت نہیں کہ وہ امن و امان کی بنیادی ذمے داری نبھا سکے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس میں کراچی کے مسائل کے حوالے سے اہلیت بھی نہیں ہے، کراچی میں امن وامان کی صورتِ حال بہت خراب ہے، جس کا دل چاہتا ہے کراچی میں گاڑی لوٹ لیتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ و برباد ہو چکا ہے، سندھ کو وسائل میں بہت بڑا حصہ مل رہا ہے، چیف منسٹر سندھ اور اسمبلی کی حیثیت کو محدود کر دیا گیا ہے، سب فیصلوں کا اختیار زرداری فیملی کے پاس ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بدین و لاڑکانہ کے نام پر پیسے رکھے جاتے ہیں مگر ان شہروں کا حال سب کے سامنے ہے، ان مسائل پر حکومتی اراکین کو سوچنا ہوگا، زرداری خاندان کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو مفلوج کیا گیا ہے۔

وزیرِ اطلات کا کہنا ہے کہ نون لیگ والے پاکستان کا پیسہ چوری کر کے باہر گئے، انہوں نے بغیر معلومات کے ہر چیز مسترد کرنا روایت بنائی ہوئی ہے، نون لیگ کے رہنماؤں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کےحق کو حقارت سے مسترد کیا۔

فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ نواز شریف، اسحاق ڈار و دیگر بھی اوورسیز ہی ہیں، یہ ملک لوٹ کر باہر پیسہ لے گئے، نون لیگ کا اگلے الیکشن میں بھی کوئی مستقبل نہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ یہ سال پاکستان کی گروتھ کا سال ہوگا، بجٹ میں عام آدمی کے لیے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی ہے، کامیاب جوان اور ہاؤسنگ پراجیکٹس سے وائیٹ کالر لوگوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سندھ میں پرانی اسکیمیں مکمل نہیں ہوئیں تو نئی اسکیمیں کیسے رکھیں، یہ چاہتے ہیں کہ اسکیم ملے، اپنے ٹھیکدار سے شروع کروائیں اور بھول جائیں، مسئلہ یہ ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ پیسہ ڈائریکٹ ان کو ملے، ہم چاہتے ہیں کہ ہیسہ ڈائریکٹ عوام پر لگے، یہ پیسہ سندھ میں نہیں بلکہ دبئی میں لگاتے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا ہے کہ پہلی بار پی آئی اے کھڑی ہوئی ہے، اسٹیل مل اب بہتر ہو رہی ہے، اداروں کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

تازہ ترین