• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے سی او او پر تشدد، مقدمہ درج

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر بابر خان پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ 5 اکتوبر کو اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں پیش آیا، جہاں تقریباً 80 سے 100 افراد نے افسران اور سیکیورٹی اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران یونیورسٹی کی املاک اور انتظامیہ کے دفتر کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ تشدد سے افسران اور سیکیورٹی گارڈز زخمی ہوئے۔

مقدمے کے متن کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر بابر خان کے سر اور چہرے پر بھی چوٹیں آئیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض افراد ایم آر آئی لیب میں مبینہ ہراسانی کے معاملے پر سی او او کے پاس آئے تھے۔ سی او او کی جانب سے کارروائی کی یقین دہانی کے باوجود مشتعل افراد نے ان پر حملہ کردیا۔

انتظامیہ کے مطابق جس ملازم پر ہراسانی کا الزام لگایا گیا تھا، اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مقدمے کے مطابق مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی سے مریضوں، ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر کئی افراد کو حراست میں لیا۔ واقعے کا مقدمہ ہنگامہ آرائی، حملے اور سرکاری امور میں مداخلت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید