• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ الفاظ کا ہیر پھیر‘عوام کو کوئی سروکار نہیں‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایما پر بجٹ چراغ رگڑتے ہی مہنگائی کا جن نمودار ہوچکا ہے عام آدمی کو لفظوں کے ہیر پھیر اور اعدادوشمار کو اوپر سے نیچے یا نیچے سے اوپر لے جانے سے کوئی سروکار نہیں اس کا تو موجودہ حالات میں سب سے بڑا مسئلہ تو گھریلو بجٹ ہے جو حکومتی بجٹ کے بعد اس کے لئے سوہان روح بنا ہوا ہے یا تو وہ اشیاء ضروریہ خریدے یا پھر اپنے مرض کے علاج کیلئے ادویات۔ سلطنت عمرانیہ کے دور میں اسے ایک ہی چیز کا انتخاب کرنا ہے یہ فیصلہ تبدیلی سرکار نے اس پر چھوڑ دیا ہے جب ریاست پر بوجھ خود حکومت بن جائے تو مالی خسارہ پورا کرنے کے لئے ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ٹیکسز میں اضافہ کردیا جاتا ہے جس کا تمام بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا جاتا ہے۔ نااہل کچھ ایسا ہی طرز عمل اپنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش و ضروریہ کی قیمتوں میں100فیصد سے زائد اضافہ حکومت کا عوام سے والہانہ محبت کا پتہ دیتی ہے کیونکہ پی ٹی آئی ہر ڈیڑھ سال بعد اپنے اندر ہی سے ایک نئی عوام کش حکومت کو جنم دیتی ہے حکومت اور وزراء میں بداعتمادی کی فضاء جوں کی توں قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے معاشی سدھار کے لئے بجٹ میں ایسا کچھ نہیں جس پر حکومتی ترجمانوں اور مشیروں کی فوج اتراتے پھر رہے ہیں۔ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے معاشی قتل عام کا اصل ذمہ دار کون ہے اور وہ کس کی خوشنودی کے لئے یہ ڈرامہ اسٹیج کئے ہوئے ہیں۔ اشیاء ضروریہ خوردونوش و ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اسی صورت لایا جاسکتا ہے جب بنیادی اکائی کا نظام درست کیا جائے یہ نہیں کہ کبھی چینی آٹا مافیا کو خوش کرنے اور ادویات کمپنیوں کو اپنے ساتھ ملائے رکھنے کے لئے کھلی چھوٹ دی جاتی رہے۔ لفاظی دعوئوں اور وعدوں سے ریاستیں مستحکم نہیں ہوتیں بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ کمزور ضرور ہوجاتی ہیں۔
تازہ ترین