وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکا سمجھتا ہے کہ خطے کے مسائل کا حل پاکستان کی مدد سے ممکن ہے۔
انہوں نے پاک افغان دوطرفہ مذاکرات کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کہا کہ جنگ اور مفاہمت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور دنیا کا نظریہ اب تبدیل ہوچکا ہے، امن سب کی خواہش ہے، افغانستان میں امن خطے کے مستقبل کیلئے اہم ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پرامن، خوشحال اور خودمختار افغانستان کا خواہاں ہے، پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات کیے، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کوعالمی سطح پر سراہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ خطے کے مسائل کا حل پاکستان کی مدد سے ممکن ہے، افغانستان کا مسئلہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوسکتا ہے، افغانستان کے قومی سلامتی مشیرکے بیان نے مایوس کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایسے بیانیات امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرسکتے ہیں، افغانستان کی قیادت اوردیگرپاکستان پراعتماد کریں، ماضی بھول کرآگے بڑھیں۔