پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 22 ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دے دیا۔
ابوطبی میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم نے 54 گیندوں پر 81 رنز نمایاں اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی، عاکف جاوید، محمد وسیم اور علی خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ایونٹ کے باقی میچز ابوظبی میں کھیلے جارہے ہیں، آج کے میچ کی ٹاس کے لیے شاداب خان اور عماد وسیم میدان میں اترے۔
ٹاس جیتنے والے کپتان شاداب خان نے کہا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حسن علی، عاکف جاوید کی واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد اخلاق آج ڈیبیو کررہے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے مزید کہا کہ آج کے میچ سے موسیٰ خان، روحیل نذیر اور فواد خان کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہم نے پچھلا میچ بہت اچھا کھیلا، ہمارے لیے بہت اہم میچ ہے، فاسٹ بولر عباس آفریدی ڈیبیو کررہےہیں۔