• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، بجٹ مراعات کے بعد زبردست تیزی، 421 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، بجٹ میں ملنے والی مراعات کے بعد زبردست سر گرمی ،بڑے پیمانے پر خریداری سے تیزی کا رحجان ،کے ایس ای 100انڈیکس میں 421 پوائنٹس کا اضافہ ،57.62 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت میں 99 ارب ایک کروڑ 78 لاکھ روپے کا اضافہ ،کاروباری حجم بھی 18.90 فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ میں کیپٹل گین ٹیکس اور دیگر مراعات کی وجہ سے نئے کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت ہوا ،پیر کو مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر نظر آنے ولا مثبت رحجان دن بھر جاری رہا اور ایک موقع پر 100انڈیکس 677پوائنٹس کے اضافےسے 48981 پوائنٹس تک ریکارڈ کیا گیا لیکن اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 421.36 پوائنٹس کے اضافے سے آکر 48726.08 پوائنٹس پر بند ہوا ، تیزی کے سبب کے ایس ای30 انڈیکس بھی 168.70پوائنٹس بڑھنے کے بعد 19647.43 پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 387.60 پوائنٹس کے اضافے سے 32715.62 پوائنٹس سے بڑھ کر 33103.22 پوائنٹس پر آگیا ،پیر کو سرمایہ کاروں کی جانب سے سرگرمی کے باعث کاروباری حجم ایک بار پھر ایک ارب کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے ایک ارب 21 کروڑ 78 لاکھ 71ہزار شیئرز رہا جو کہ گذشتہ سیشن کی نسبت 19 کروڑ 36 لاکھ 24ہزار شیئرز زیادہ ہے ۔ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 99ارب ایک کروڑ 78لاکھ 25ہزار روپے کے اضافے سے 8457ارب 38 کروڑ 40لاکھ 94 ہزار روپے ہو گئی ، کاروباری حجم کے لحاظ سے بائیکو پیٹرولیم ،ہم نیٹ ورک ، ورلڈ کال ، عائشہ اسٹیل ، اور ایگری ٹیک سر فہرست رہے ، سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت رفحان میز اور وائتھ پاکستان کے شیئرز کی بڑھی جو بالترتیب 190.00 روپے اور 150.47 روپے فی شیئرز تھی دوسری جانب سب سے زیادہ کمی سفائر فائبر اور فیصل اسپننگ کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو 37.97 روپے اور 20.00 روپے فی شیئرز تھی۔

تازہ ترین