• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کی آج کی ریلی منسوخ، پی پی کا راستہ روکیں گے، عامر خان

ایم کیو ایم کی آج کی ریلی منسوخ، پی پی کا راستہ روکیں گے، عامر خان 


کر اچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی خوف کا شکار نہیں،ایم کیو ایم نے 15جون کی احتجاجی ریلی موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ چند روز میں نئی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا، مگر ہم پیپلز پارٹی کو عدالتوں میں گھسیٹیں گے اور اسمبلیوں میں بھی چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے اور آپ کا راستہ سڑکوں پر بھی ر وکیں گے،سند ھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے الزام تراشیوں کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، سند ھ حکومت کے ذمے دارجو بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں، ان سے سازش کی بو آرہی ہے، ان کی گفتگو سے ہی کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے خلاف سازش بے نقاب ہو گئی ہے، ایم کیو ایم کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت نے سندھو دیش کے لے پالک مسلح جتھے آگے کرکے کراچی میں بسے پشتون ،پنجابی اور مہاجروں سمیت دیگر قومیتوں کو خوف زدہ کرنے کی سازش کی ہے، جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وہ پیر کی شب یہاں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل ،وسیم اختر ،اراکین رابطہ کمیٹی اور قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی موجود تھے۔ عامر خان نے کہا کہ 13برس سے جعلی اکثریت کی بنیاد پر حکومت کررہی پیپلزپارٹی کے وزیر اعلیٰ نے آج اعتراف گناہ کیا کہ کراچی میں جتنا پیسا لگنا چاہئے تھا وہ نہیں لگ سکا! ہمارا سوال ہے کہ وہ پیسا کہاں گیا ؟آج تو چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی سندھ حکومت کو آئینہ دکھا دیا، 13برسوں میں کراچی کو پانی کی ایک بوند اور ایک بس بھی نہ دے سکے، سارے دعوے جھوٹ اور فراڈ پر مبنی تھے، یہ شہرمیں جو بجلی اور گیس کا بحران ہے اس کی ذمے دار بھی سندھ کی بدعوان حکومت ہے، صوبائی حکومت اپنے شہریوں کو سگ گزیدگی کی ویکسین بھی فراہم نہیں کر سکی، فراہمی و نکاسی آب سے لے کر تمام بلدیاتی اختیار سندھ حکومت نے سلب کر رکھے ہیں، آج بلدیاتی نظام ایم کیو ایم کے پاس نہیں، پھر بھی بلدیاتی اداروں کو مستحکم نہیں کرتے، لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے نعرے روٹی کپڑا اور مکان کی دھجیاں اڑادیں۔ سندھ حکومت کی دانستہ ناکامی کے بعد ایم کیو ایم نے وفاق سے25ارب روپے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے منظور کرائے، اب 6ارب روپے مزید آئے ہیں، جس کے منصوبوں کی منظوری ڈپٹی کمشنرز نہیں دے رہے، سندھ حکومت روڑے اٹکا رہی ہے،پیپلز پارٹی نے اپنے مفاد کے لئے پی ڈی ایم کی پشت پر چھرا گھونپا۔

تازہ ترین