لاہور ( وقائع نگار خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے اراضی کے معاوضہ کی عدم ادائیگی پر پنجاب حکومت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے ایکوائر کی گئی اراضی کا بروقت معاوضہ نہ دینا سرکار کا غریب لوگوں پر ظلم ہے، لوگ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں،عدالت حکومت کو عدم ادائیگی پر روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ کرے گی، عدالت کے روبرو شریفاں بی بی نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے سڑک بنانے کیلئے کئی سال قبل اراضی ایکوائر کی لیکن ابھی تک معاوضہ نہیں دیا ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شہری خاتون سے زمین لے لی، اس پر سڑکیں بنا لیں، مگر رقم ادا نہیں کی، لوگ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، 15 جولائی کے بعد ایک لاکھ روپے روزانہ جرمانہ کروں گا،سرکاری وکیل نے تین روز میں 3 کروڑ 8 لاکھ روپے ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی،باقی رقم 92 لاکھ کی ادائیگی کیلئے 15 جولائی تک مہلت کی استدعا کی،عدالت نے حکومت کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔