اسلام آباد(نمائندہ جنگ) آصف علی زرداری اور فریال تالپور کیخلاف جعلی بنک اکائونٹس کیس میں قائم نیب ریفرنسز کی اسلام آباد سے کراچی منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمہ میں ایک نئی متفرق درخواست کے ذریعے نیب نے منتقلی کی مخالفت کردی۔ نیب کا کہنا ہے کہ کراچی میں ریفرنس منتقل کرنے سے بااثر شخصیات کے تفتیش کاروں پر اثر انداز ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔منگل کے روز نیب نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا جس میں نیب نے ریفرنسز کی منتقلی کی مخالفت کرتے ہوئے درخواست خارج کرنے کی استدعا کی، جواب میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی ریفرنس منتقلی کی درخواست نا قابل سماعت ہے کیونکہ سپریم کورٹ نظر ثانی کی درخواست خارج کرچکی ہے اورکسی بھی مقدمہ میں نظر ثانی پر نظر ثانی نہیں ہوسکتی ہے۔