کراچی(نیوز ایجنسیاں/اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے حکم پر شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے جس دوران مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ہنگامے پر قابو پانے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا، مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا جسکے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، جبکہ پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔ تفصیلات کے مطبق عدالتی حکم پر الہ دین پارک اور پویلین اینڈ کلب میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران ریسٹورینٹ کو خالی کردیاگیا اور ریسٹورینٹ کا سارا سامان ٹرک پر منتقل کیا گیا۔راشد منہاس روڈ الہ دین پارک پر شاپنگ مال کو گرانے کیلئے بھی آپریشن جاری ہے، شاپنگ پلازہ کے مرکزی بل بورڈ کو ہیوی مشینری کی مدد سے گرادیاگیا جبکہ شاپنگ پلازہ کے مرکزی داخلی راستے کی دیوار بھی گرانے کا کام کیا جارہا ہے۔آپریشن کے دوران پولیس اور دکانداروں میں جھڑپیں ہوئی اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جبکہ متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا۔