• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پینے کیلئے ٹھنڈا پانی مانگنے پر اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 24سالہ قیدی پر تشدد

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پینے کے لئے ٹھنڈا پانی مانگنے پر اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 24سالہ قیدی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے قیدی کے جسم پر نیل پڑ گئے، متاثرہ قیدی نے منگل کے روز پندرہ جون کو جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد ٹاؤن اسلام آباد کو انصاف کے لئے تحریری درخواست دے دی جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرنے اور متاثرہ قیدی کا میڈیکل کرانے کا حکم دیدیا۔ متاثرہ قیدی ذیشان احمد نے بتایا کہ میں 34 ماہ سے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ڈکیتی کے جھوٹے کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہوں۔ 14 جون کو میں نے اڈیالہ جیل بیرک انچارج غلام ربانی سے پینے کے لئے ٹھنڈا پانی کا انتظام کرنے کا کہا تو وہ اس بات پر بپھر گیا اور مجھے برا بھلا کہا ۔اسی دوران اس نے قیدیوں عالمزیب، عرفان، سراج خان، سرور اور چند نامعلوم کے ذریعے مجھے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد سے میرے جسم پر نیل پڑ گئے۔ متاثرہ قیدی کے وکیل سعید انور گوندل نے بتایاکہ متاثرہ قیدی ذیشان کو جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد ٹاؤن شوکت رحمان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ قیدی کا میڈیکل کرانے کا بھی حکم دیدیا ۔
تازہ ترین