پشاور(نیوز رپورٹر)پشاورہائیکورٹ نے مٹھائیوں کی قیمتوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ، چیف جسٹس قیصررشید خان نے کہاہے کہ بیکرسویٹ ہاؤسز نے مختلف ریٹ مقررکرر کھے ہیں جس میں کچھ معیاری بھی ہیں، ہمیں رپورٹ پیش کی جائے کہ کس طریقہ کار اور قانون کے تحت سویٹس کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے ۔چیف جسٹس قیصررشید خان کی سربراہی میں قائم دورکنی بنچ نے ایک کیس پر سماعت کی ، دوران سماعت ڈی سی کوہاٹ اور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔کیس پر سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے کہا کہ بیکر سویٹ ہاؤسزمیں بعض سٹینڈرڈ بھی ہیں جو کوالٹی سویٹس فروخت کرتے ہیں۔ کیا ان بیکرز ہاؤسز کو کٹیگرائز کیا گیاہے؟ جس پر ڈی سی کوہاٹ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے باقاعدہ طور پر ان بیکر ہاؤسز کو کٹیگرائز کیاہے اور اس حساب سے ان کی قیمتیں بھی مقرر کی جاتی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مشہور بیکرز کے الگ ریٹ ہوتے ہیں جبکہ دیہاتوں میں جو مٹھائیاں فروخت کی جاتی ہیں انکی الگ ریٹ ہیں ، فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ کچھ بیکرز 300روپے کلو سویٹ فروخت کرتے ہیں تو کوئی 500میں بھی دے رہا ہے۔ ہمیں رپورٹ دیں کہ کس لاءاور کس طریقہ کار کے تحت سویٹس کے ریٹ فکس کئے جاتے ہیں ۔بعدازاں کیس پر مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔