پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے کم عُمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو شادی سے متعلق اُن کے بیان پر ایک اہم مشورہ دے دیا۔
حال ہی میں فیصل قریشی نے اپنے بہترین دوست اور اداکار اعجاز اسلم کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔
پروگرام کے ایک سیشن میں میزبان نے فیصل قریشی کو مختلف معروف شخصیات کی تصویریں دِکھائیں اور اداکار سے پوچھا کہ آپ ان کو کونسا مشورہ دینا چاہیں گے۔
اس سیشن کے دوران اسکرین پر جب ملالہ یوسفزئی کی تصویر آئی تو فیصل قریشی نے اُنہیں اُن کے حالیہ بیان پر ایک اہم مشورہ دے دیا۔
فیصل قریشی نے کہا کہ ’جب ہم اداکار اور کوئی معروف شخصیت پوری دُنیا کے سامنے اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہوتے ہیں تو ہمیں ہر بات سوچ سمجھ کر کہنی چاہیے۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ہمیں اپنے ملک یا مذہب سے متعلق بیان دینے سے پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ کہیں اس بیان سے لوگوں کی دل آزاری نہ ہوجائے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں ملالہ کو بھی یہی مشورہ دوں گا کہ اپنا ہر بیان دینے سے پہلے محتاط رہیں اور سوچ سمجھ کر بولیں۔‘
واضح رہے کہ برطانوی فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔
ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا کہ مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟
ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا کہ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات)پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے، کیا یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟