سماجی اور معاشرتی مسائل پر ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے کم عُمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق بیان پر ردّعمل دینے سے انکار کردیا۔
اس ضمن میں اُشنا شاہ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اُشنا شاہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’میں ملالہ کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی ہوں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’میں ملالہ کے بجائے فلسطین کے مسئلے پر گفتگو کرنا چاہتی ہوں۔‘
اُنہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو بھی ملالہ کو چھوڑ کر فلسطین پر بات کرنی چاہیے۔‘
واضح رہے کہ برطانوی فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔
ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا کہ مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات)پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیا یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟