لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان نے مزارات پر پارکنگ ، جوتیوں اور بیت الخلاء کے پیسے وصول کرنا غیر قانونی قرار دیدیا، عدالت نے محکمہ اوقاف کو حکم دیا ہے کہ مزارات پر آنے والے زائرین سے کسی قسم کی سہولتوں یا خدمات کے عوض کوئی پیسہ وصول نہ کیا جائے اور تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں، دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ اوقاف درباروں پر اپنی سروسز دینے کو لیز کرتا ہے، ایسا کرنے کے لیے قانون کے مطابق اخبارات میں اشتہار دیا جانا ضروری ہے، اوقاف والے غیر قانونی طور پر بیت الخلاء اور دیگر جگہوں پر اپنے بندے بٹھا دیتے ہیں، نمازیوں سے بھی پاپوش رکھنے کے عوض پیسے لیتے ہیں، اگر اوقاف عوام کو اپنی سروسز نہیں دے سکتا تو اس محکمہ کو ختم کردیں، آپ جوتوں سے لے کر موبائل رکھنے پر بھی چارجز لیتے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ محکمہ اوقاف والے اپنے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائیں اور عوام سے کوئی پیسہ وصول نہیں کریں گے، عدالت نے زائرین کو تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ 15 روز کے بعد عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد رپورٹ لے کر پیش ہوں۔