راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے ) لاہور ہائی کورٹ کے نامزد چیف جسٹس محمد امیر بھٹی خوفناک حادثے میں بال بال بچ گے۔حادثے میں سکواڈ کی گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ کچھ سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔باخبرذرائع کے مطابق بدھ کو نامزد چیف جسٹس محمد امیر بھٹی سکواڈ کے ہمراہ مری میں میٹنگ کرکے واپس آرہے تھے۔راستے میں بارش کے باعث سکواڈ والی گاڑی بریک لگاتے ہوئے پھسل گئی۔جسٹس امیر بھٹی کے ڈرائیور نے بھی بریک لگائے تو گاڑی بے قابو ہوگئی۔اسی اثناء میں عقب میں آنے والی ایلیٹ فورس کی گاڑی بھی سلپ ہوگئی اور ایکسپریس وے کے سائیڈ پر روڈ سیفٹی بیرئیرز سے ٹکرا گئی جس سے گاڑی کو نقصان پہنچااور سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ جسٹس محمد امیر بھٹی کی گاڑی بھی روڈ سیفٹی بیرئیرز کے باعث کھائی میں گرنے سے بچ گئی۔ جسٹس امیر بھٹی پانچ جولائی کو لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائینگے۔