پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بجٹ میں 700 ارب روپے کے ٹیکس لگائے۔
جاری کیئے گئے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ عزیز ہم وطنو! ملک ترقی کر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء پر 25 فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، ملک میں ہر 3 میں سے 1 بچہ غذائی قلت کا شکار ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگا دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا سونامی لائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت بجٹ کے حقائق چھپانے کے لیے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے، عمران خان گالم گلوچ اور بدتمیزی کرا کر بچ نہیں پائیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم بجٹ کا کچہ چٹھہ عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔