• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روبینہ دلیک نے ’خطروں کے کھلاڑی‘ میں شرکت سے کیوں انکار کیا؟

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک نے ’خطروں کے کھلاڑی‘ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روبینہ دلیک نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اُنہیں بھی اُن کے شوہر ابھینو شکلا کے ساتھ معروف رئیلٹی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ میں شرکت کی آفر دی گئی تھی لیکن وہ اپنے ڈرامے کی شوٹنگ کی وجہ سے یہ آفر قبول نہیں کرسکیں۔

 روبینہ دلیک نے کہا کہ ’اگر وہ شو میں شرکت کرلیتیں تو اپنے ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے وقت پر بھارت نہیں پہنچ سکتی تھیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب اُنہیں ’خطروں کے کھلاڑی‘ میں شرکت کے لیے آفر دی گئی تھی تو اُسی دوران وہ کورونا وائرس کا بھی شکار ہوگئی تھیں۔‘

بگ باس 14 کی فاتح نے کہا کہ ’اُنہیں کیڑے مکوڑے ہاتھ میں لینے سے ڈر لگتا ہے لہٰذا اس وجہ سے بھی وہ ’خطروں کے کھلاڑی‘ میں شرکت نہیں کرسکیں۔‘

روبینہ دلیک نے اپنے شوہر ابھینو شکلا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اُنہیں بہت خوشی ہے اُن کے شوہر خطروں کے کھلاڑی کا حصہ ہیں کیونکہ اُن کے شوہر کو ایڈوانچر بہت پسند ہیں۔‘

واضح رہے کہ بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔

آخر میں یہ مقابلہ روبینہ دلیک اور راہول ویدیا کے درمیان چلا اور پھر بالی ووڈ اداکار اور اس شو کے میزبان سلمان خان نے روبینہ دلیک کو زیادہ ووٹس ملنے کی بنا پر بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار دیا۔

خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین