قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے گزشتہ روز ہونے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پر ردّعمل دیتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں رمیز راجہ نے کہا کہ ’میں اُمید کرتا ہوں اور خواہش کرتا ہوں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپُر لیگ کے اگلے سیزن کے لیے اپنے تمام اُبھرتے کھلاڑی بلوچستان سے منتخب کریں۔‘
رمیز راجہ نے کہا کہ ’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اُنہیں پلیٹ فارم دے اور نئے ستاروں کو اُبھرتا ہوا دیکھے۔‘
سابق کرکٹر کی اس خواہش پر شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اُن کی حمایت کرتی نظر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ ابوظبی میں پاکستان سپر لیگ کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز سے ہرا دیا جس کے بعد اب کوئٹہ کی ٹیم کی پلے آف مرحلے میں جانے کی تمام امیدیں ختم ہوگئیں۔
184 رنز کا ہدف ملتان سلطانز کے بالرز نے کوئٹہ کے بیٹسمینوں کے لئے ناممکن بنادیا۔ پوری ٹیم 12.1 اوورز میں صرف 73 رنز ہی بناسکی۔ ویدرالڈ 19 اور سرفراز احمد نے 13 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 3 اور عمران خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔