• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر بائیڈن نے داخلی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے منصوبہ پیش کردیا

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی صدر بائیڈن نے داخلی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے منصوبہ پیش کردیا۔ خبررساں اداروںکے مطابق صدر بائیڈن کا دعویٰ ہے کہ حالیہ اقدام اس مسئلے پر قومی سطح پربنایا جانے والا پہلا منصوبہ ہے۔ اپنے بیان میں صدر بائیڈن نے کہا کہ داخلی دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے نئی حکمت عملی کا مقصد یہ ہے کہ ہر سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کو ممکن بنایا جائے، تاکہ معاملات کا تجزیہ کرنے کی حکومتی صلاحیت بہتر ہو سکے۔ اس اقدام کے تحت دہشت گردوں کی بھرتی اور نقل و حرکت کو روکا جائے گا،جب کہ ان کی سرگرمیوں کا سراغ لگا کر انہیں ناکام بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں نسلی، علاقائی اور مذہبی منافرت کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ دہشت گردی، نفرت، تعصب اور انتہا پسند انہ کے واقعات امریکا کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی عمارت کیپٹل پر 6جنوری کو ہونے والے حملے کو نصف برس گزرنے کے بعد اس منصوبے کا اجرا کیا گیا ہے۔ 2021 ء میں انتہا پسندوں کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کے دفتر سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق سفید فاموں کی برتر ی کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اور حکومت مخالف ملیشیائیں ملک کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر پہلے ہی خفیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو داخلی دہشت گردی کے امکانات کی تفتیش کرنے کا حکم دے چکے ہیں۔ یہ حکم جنوری میں امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے کے تناظر میں دیا گیا ہے۔
تازہ ترین